Follow on FaceBook

Breaking News
recent

2016 : پاکستان میں سب سے زیادہ کس کو گوگل کیا گیا؟

موجودہ دور کی ہر مشکل کا علاج اگر گوگل (www.google.com) کو قرار دیا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔
کہیں جانا ہے اور راستہ نہیں معلوم تو گوگل کرلیں ، کوئی نیا پکوان بنانا ہو مگر ریسپی کا اندازہ نہیں تو گوگل کرلیں، اسائنمنٹ کی جمع کروانے کی آخری تاریخ اور نوٹ بک خالی ہے تو گوگل کرلیں، سوشل میڈیا پہ جاری ٹرینڈز میں شامل نام آخر کس کا ہے، یہ نہیں معلوم تو گوگل کرلیں ۔
غرض کہ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران گوگل لوگوں کا ڈاکٹر، کُک، گائیڈ، استاد سب کچھ ہی بن چکا ہے۔
لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ جتنا ہم لوگ گوگل پر نظر رکھتے ہیں اتنی ہی نظر گوگل بھی ہمارے رجحانات اور آنے جانے پر رکھتا ہے۔
اسی لیے تو سال 2016 کا اختتام قریب آنے کے ساتھ ہی گوگل نے پاکستانیوں کی جانب سے کی جانے والی سرچز کی معلومات جاری کردی ہیں۔
ہوسکتا ہے کچھ نام آپ کو چونکنے پر مجبور کردیں لیکن گوگل پاکستان کی جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستانیوں کی جانب سے گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات یہ ہیں۔

1۔قندیل بلوچ


گوگل کے مطابق فیس بک کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی قندیل بلوچ سرچ میں سرفہرست ہیں، فیس بک ویڈیوز، عمران خان کو شادی کی پیشکش، مفتی قوی کے ساتھ سیلفی اور اچانک منظرعام پر آنے والی اپنی دو شادیوں کے بعد سال بھر خبروں کا حصہ رہنے والی قندیل بلوچ جولائی 2016 میں غیرت کے نام پر بھائی کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔
ان کے والد کے دعویے کے مطابق قندیل کو اس کے چھوٹے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر قتل کیا۔

2۔امجد صابری


فہرست میں دوسرے نمبر پر پاکستان کے معروف قوال امجد صابری موجود ہیں۔
امجد صابری کو 5 مال قبل 22 جولائی کی شام کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
معروف قوال کی اچانک موت نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ان کے پرستاروں کو رنج و غم میں مبتلا کردیا۔

3۔عبدالستار ایدھی


طویل علالت کے بعد چل بسنے والے ایدھی وہ تیسری شخصیت ہیں جنہیں پاکستانیوں نے گوگل سرچ کیا۔
معروف سماجی کارکن اور ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی 9 جولائی کو طویل علالت کے بعد 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
دنیا میں کئی شخصیات نے مختلف میدانوں میں کارہائے نمایاں انجام دیں ہیں لیکن جو کام ایدھی نے تن تنہا شروع کیا, اس کو آخری سانس تک چلاتے رہے.
ایدھی نے پاکستان کا سب سے بڑی نجی ویلفیئر ادارہ قائم کیا جبکہ ان کی ایمبولینس سروس دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس گردانی جاتی ہے، جو پاکستان کے ہر شہر میں لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے۔

4۔ڈونلڈ ٹرمپ


نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سال گوگل پر سرچ کی جانے والی چوتھی شخصیت ہیں۔
9 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخابی معرکے میں کانٹے دار مقابلے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے 290 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے اور اپنی حریف ہیلری کلنٹن کو شکت دے کر وائٹ ہاؤس کے نئے مکین منتخب ہوگئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2017 کو براک اوباما کی جگہ عہدہ صدارت کا حلف اٹھائیں گے اور وہ امریکا کی 240 سالہ تاریخ میں معمر ترین صدر ہوں گے۔

5۔مومنہ مستحسن


پاکستانیوں میں مشہور موسیقی کے شو کوک اسٹوڈیو میں راحت فتح علی خان کے ساتھ آفریں آفریں گانے والی مومنہ مستحسن اس فہرست میں پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
اگر یہ کہا جائے کہ سیزن کے اس گانے کو سننے سے زیادہ دیکھا گیا تو کچھ غلط نہ ہوگا, کیونکہ اس گانے کے نشر ہونے کے بعد کئی ہفتوں تک سوشل میڈیا مومنہ مستحسن کی تعریفوں کے شور سے گونجتا رہا۔

6۔ممتاز قادری


سابق گورنر پنجاب اور پیپلز پارٹی کے رہنما سلمان تاثیر کے قتل میں موت کی سزا پانے والے ممتاز قادری بھی پاکستانی عوام کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات کا حصہ ہیں۔
گورنر پنجاب کے سیکیورٹی اسکواڈ میں شامل ممتاز قادری نے 4 جنوری 2011 کو سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں فائرنگ کرکے قتل کیا تھا، گرفتاری کے بعد اپنے اعترافی بیان میں ممتاز قادری کا کہنا تھا کہ اس نے توہین رسالت کے قانون میں ترمیم کی حمایت کرنے پر سلمان تاثیر کو موت کے گھاٹ اتارا۔
ممتاز قادری کو رواں سال 29 فروری میں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تختہ دار پر لٹکایا گیا تھا۔

7۔پرتیوشا بینرجی


فہرست میں شامل واحد بھارتی شخصیت پرتیوشا بینرجی ہیں۔
مقبول ہندوستانی ڈرامہ ’بالیکا ودھو‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ پرتیوشا بینرجی نے یکم اپریل کو ممبئی میں واقع اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی تھی۔
ڈرامے سے شہرت پانے کے بعد پرتیوشا نے کئی رئیلٹی شوز اور ڈراموں میں کام کیا جن میں بگ باس قابلِ ذکر ہے۔

8۔ہیلری کلنٹن


امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حریف امیدوار ہیلری کلنٹن کے بارے میں جاننے کے لیے بھی پاکستانی کافی پراشتیاق رہے اور انہیں اس قدر سرچ کیا گیا کہ وہ پاکستان میں سرچ کی جانے والی 8 ویں شخصیت بن گئیں۔
سابق امریکی صدر بل کلنٹن کی اہلیہ اور امریکا کی سابق سیکریٹری خارجہ ہیلری کلنٹن امریکی تاریخ میں پہلی خاتون صدارتی امیدوار کے طور سامنے آئیں۔

9۔ملینیا ٹرنپ


ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ بھی اس سال پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات کا حصہ ہیں۔
حالیہ عرصے میں اپنی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ نومنتخب امریکی صدر کی اہلیہ اور ماڈل سابقہ خاتون اول مشعل اوباما کی تقریر کی کاپی کرنے کے حوالے سے بھی کافی خبروں میں رہیں۔

10۔ڈی جے براوو


مشہور ویسٹ انڈین کھلاڑی ڈوین براوو عرف ڈی جی براوو کو بھی پاکستانیوں نے اس سال کافی سرچ کیا, جس کی ایک اہم وجہ ان کا گانا ’چیمپئن‘ قرار دیا جاسکتا ہے۔
ورلڈ کپ مقابلوں میں ویسٹ انڈین مردوں اور خواتین کی ٹیمز کی شاندار کامیابی کے بعد یہ گانا سوشل میڈیا پر وائرل رہا۔

ان شخصیات کے علاوہ گوگل پاکستان نے پاکستانیوں کے رجحان ساز موضوعات کی بھی ایک فہرست مرتب کی، جس میں ان موضوعات کو شامل کیا گیا جن کے بارے میں جاننے کے لیے پاکستانی متجسس رہے ۔
اس فہرست میں کھیل کے موضوعات سب سے زیادہ نظر آتے ہیں
1۔کرکٹ اسکور
2۔پی ایس ایل شیڈول 2016
3۔پی ٹی وی اسپورٹس لائیو
4۔یورو2016
5۔پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
6۔آئی فون 7
7۔بگ باس 9
8۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شیڈول 2016
9۔سلطان
10۔اولمپک گیمز 2016
AHMAD

AHMAD

No comments:

Post a Comment

Powered by Blogger.